پاسداران انقلاب کا امریکی اڈوں سمیت 85 اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر 85 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
بیان کے مطابق حملوں میں بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ کے بحرین میں قائم اڈے اور کویت میں علی السالم ائیر بیس کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکا کی جانب سے جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں ’ابتدائی ردعمل‘ کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی تدفین میں عوام کی غیر معمولی شرکت کے بعد امریکہ نے ایک بار پھر جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کی اور آج علی الصبح ہرمزگان اور ماہشہر کے ساحلی علاقوں میں بعض فوجی اڈوں اور غیر فوجی مراکز پر فضائی حملے کیے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس جارحیت کے ابتدائی جواب میں، پاسداران انقلاب کی بحری اور فضائی افواج نے مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائیوں کے ذریعے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے مرکز، پورٹ سلمان اور کویت میں علی السالم فضائی اڈے سمیت 85 اہم امریکی فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا۔
پاسداران انقلاب نے ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا۔
اس سے پہلے امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹ کام) کی جانب سے ایران میں 80 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔