افغان باشندوں کیخلاف کئی ممالک میں کریک ڈاؤن، ترکیہ میں گرفتاریوں کی نئی لہر
کابل: (دنیا نیوز) دنیا کے مختلف ممالک میں غیرقانونی افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ ترکیہ میں گرفتاریوں کی نئی لہر شروع ہوگئی۔
یورپ میں افغان باشندوں کی انسانی سمگلنگ بڑے سکیورٹی چیلنج کی صورت میں سامنے آئی ہے۔
افغان جریدے افغان انٹرنیشنل کے مطابق ترک حکام نےغیر قانونی طورپر ترکیہ سے یورپ جانے کی کوشش پر 24 افغان باشندوں کو گرفتارکرلیا، ترکیہ کے شہر ادرنہ میں گرفتار ہونے والے افغان باشندوں میں 7 خواتین اور6 بچے بھی شامل ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق ترک پولیس نے افغان شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے منتقل کرنے پر بس ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا ہے، ترک مائیگریشن ایجنسی کے مطابق رواں سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران 16 ہزار436 افغان باشندوں کو رہائشی کارڈ نہ ہونے کے باعث حراست میں لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل بھی پولینڈ حکام نے بھی غیرقانونی طور پرملک میں داخل ہونے والے 15 افغان باشندوں کو گرفتار کیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارہ طالبان رجیم کی سخت گیر پالیسیوں اور انتقامی کارروائیوں کو افغان باشندوں کی غیرقانونی نقل مکانی کا ذمہ دار قرار دے چکا ہے، افغان باشندوں کی حالیہ گرفتاریاں اس بات کاعکاس ہیں کہ دنیا کے مختلف ممالک ان کی غیرقانونی موجودگی کو مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔