ناصر شاہ کی طبیعت ناساز، ابوظہی میں زیر علاج، چند روز میں وطن واپسی متوقع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ کے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا، جہاں وہ ابوظہبی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ذرائع کے مطابق سید ناصر حسین شاہ کی طبیعت اسلام آباد میں خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں ابوظہبی منتقل کیا گیا، انہیں جگر کے علاج کے لیے مخصوص انجیکشن لگایا گیا، جس کے بعد ان کی طبیعت میں بہتری آئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں اور چند روز آرام کے بعد وطن واپس آئیں گے۔

دوسری جانب سید ناصر حسین شاہ کے صاحبزادے کمیل حیدر شاہ نے بتایا کہ ان کے والد بالکل خیریت سے ہیں، ان کے مطابق دبئی میں سید ناصر حسین شاہ کا معمولی آپریشن ہوا تھا اور اب ان کی طبیعت مکمل طور پر بہتر ہے۔

کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سید ناصر حسین شاہ طبیعت مزید بہتر ہونے پر چند روز بعد کراچی واپس آئیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں