اردن کا ایران کی جانب سے داغے گئے 8 میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
عمان: (دنیا نیوز) اردن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے 8 میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے جبکہ گرنے والے ملبے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران سے داغے گئے میزائلوں کے اردنی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اطلاعات پر ملک بھر میں فضائی حملے کے خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔
اردنی حکومت کے ترجمان ڈاکٹر محمد حسین المومنی نے بتایا کہ میزائلوں کو بروقت روک کر ناکارہ بنا دیا گیا، اردن کی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں اور مملکت کی سلامتی و شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اردنی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام دفاعی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اردن میں موجود ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اس حوالے سے امریکہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ڈاکٹر محمد حسین المومنی نے کہا کہ متعلقہ ادارے شہریوں اور رہائشیوں کو بروقت معلومات اور ضروری ہدایات فراہم کرتے رہیں گے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں، متعلقہ ہدایات پر عمل کریں اور جھوٹی خبروں یا افواہوں کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔