وزیر خزانہ کا سرکاری اداروں کے بورڈز میں شفاف حکمرانی یقینی بنانے پر زور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری اداروں کا اجلاس ہوا، جس میں سرکاری اداروں کے بورڈز میں شفاف طرز حکمرانی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پی پی ایل اور سینڈک میٹلز کے بورڈز سے متعلق امور کا قانون کے مطابق جائزہ لیا گیا جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ ہر سرکاری ادارے کے بورڈ میں متعلقہ وزارت کا صرف ایک نمائندہ شامل ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ توانائی شعبے کو آئی ایف آر ایس سے استثنا دینے کی تجویز مؤخر کر دی گئی ہے، متعلقہ تجویز نظرثانی کے بعد دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔

کمیٹی نے سمیڈا کو سرکاری تجارتی اداروں کی فہرست سے خارج کرنے کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ سمیڈا کی غیر تجارتی اور قانونی حیثیت برقرار رہے گی۔

کابینہ کمیٹی برائے سرکاری اداروں کے اجلاس میں وفاقی وزرا، سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں