پاکستان سمیت 8 ممالک کی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت 8 عرب اور اسلامی ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی وزرا اور آبادکاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان سمیت 8 ممالک کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی جھنڈا نصب کیا گیا، جبکہ انتہا پسند اسرائیلی وزراء نے اپنی فوج کی پشت پناہی سے مسجدِ اقصیٰ میں اشتعال انگیز حرکتیں کی گئیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے مسجدِ اقصیٰ میں 2 ٹینٹ بھی لگائے اور دیگر اشتعال انگیز اقدامات کیے۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) July 24, 2026
مشترکہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ بیت المقدس کے قدیم شہر اور مقدس مقامات تک رسائی پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں اور اسرائیل مسجدِ اقصیٰ میں مسلمانوں کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے۔
پاکستان سمیت 8 عرب و اسلامی ممالک کی جانب سے کہا گیا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے تاریخی، قانونی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنے کی اسرائیلی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مسجدِ اقصیٰ کا مکمل 144 دونم پر مشتمل احاطہ صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے، جبکہ اردن کے محکمۂ اوقاف کو ہی مسجدِ اقصیٰ کے انتظامی امور کا اختیار حاصل ہے۔
پاکستان سمیت 8 عرب و اسلامی ممالک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو بیت المقدس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر غیر قانونی اقدامات سے روکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments