امریکی کرکٹر میچ فکسنگ الزامات ثابت ہونے پر آٹھ سال کیلئے معطل

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا سے تعلق رکھنے والے کرکٹر اکھلیش ریڈی پر میچ فکسنگ اور انسدادِ بدعنوانی ضابطوں کی خلاف ورزی کے الزامات ثابت ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انہیں آٹھ سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 26 سالہ اکھلیش ریڈی کے خلاف گزشتہ برس نومبر میں ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کے دوران اینٹی کرپشن کوڈ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی پر کارروائی شروع کی گئی تھی، جس کے بعد انہیں عارضی طور پر بھی معطل کر دیا گیا تھا۔

آئی سی سی کے قائم کردہ ٹریبونل نے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اکھلیش ریڈی کو میچوں کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش، ایک دوسرے کھلاڑی کو بدعنوان سرگرمیوں میں ملوث کرنے کی کوشش اور تحقیقات سے متعلق اہم شواہد ضائع کرنے کا ذمہ دار قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق اکھلیش ریڈی نے اپنے موبائل فون سے ایسے پیغامات اور دیگر ڈیٹا حذف کیا جو تحقیقات میں اہم شواہد سمجھے جا رہے تھے۔

آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ آٹھ سالہ پابندی کا اطلاق 21 نومبر 2025 سے تصور کیا جائے گا، جبکہ ادارے کے مطابق دوسرے کھلاڑی کو بدعنوان سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ان کی کوشش ناکام رہی تھی۔

اکھلیش ریڈی نے امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا آخری بین الاقوامی میچ اپریل 2025 میں کھیلا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...