ایبٹ آباد میں طوفانی بارش، 3 بچیاں برساتی ندی میں بہہ گئیں، 2 کی لاشیں برآمد

ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخو کے علاقے ایبٹ آباد میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 3 بچیاں برساتی ندی میں بہہ گئیں، 2 کی لاشیں مل گئیں۔

ایبٹ آباد میں شدید طوفانی بارشوں نے وسیع پیمانے پر تباہ کاریوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جب کہ شہر کی اہم شاہراہیں زیرِ آب آ گئیں۔

افسوسناک واقعے میں سکول سے واپسی کے دوران چہلہ برساتی ندی عبور کرتے ہوئے تین بچیاں پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئیں، جن میں سے دو کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ ایک بچی کی تلاش جاری ہے۔

شدید بارش کے باعث شاہراہِ ریشم سمیت ایبٹ آباد کی بیشتر مرکزی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، بلال ٹاؤن، حسن ٹاؤن، نیازی کالونی اور ایوب روڈ سمیت کئی رہائشی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا جس سے شہریوں کا قیمتی سامان اور گاڑیاں متاثر ہوئیں۔

ادھر بیرن گلی میں شدید بارش کے باعث ایک سکول کی عمارت منہدم ہو گئی جب کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

دوسری جانب دیہی علاقوں میں بجلی کے پول گرنے سے بجلی کی فراہمی بھی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور کمشنر ہزارہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی صورتِ حال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی پانی کے قریب جانے سے احتراز کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...