پورٹ آف سپین ٹیسٹ: عبداللہ شفیق، بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان نے 266 رنز بنا لئے
پورٹ آف سپین: (دنیا نیوز) پاک ویسٹ انڈیز دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا۔
کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے، عبداللہ شفیق107 اور کپتان بابر اعظم 86 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، اذان اویس 55 اور امام الحق 14رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 78رنز درکار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کپتان روسٹن چیس کی ذمہ دارانہ نصف سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 344 رنز بنائے تھے اور اس کے تمام کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔
پورٹ آف سپین میں جاری میچ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے 239 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تھی، جسٹن گریوز اور کپتان روسٹن چیس نے گزشتہ روز کی شراکت کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید 30 رنز کا اضافہ کیا۔
تاہم دن کے 9ویں اوور میں علی عثمان نے جسٹن گریوز کو آؤٹ کر کے یہ اہم شراکت ختم کردی تھی، جسٹن گریوز نے 150 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے شامل تھے۔
گریوز کے آؤٹ ہونے کے بعد روسٹن چیس نے کیمار روچ کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لئے 35 رنز کی شراکت قائم کی تی، تاہم 95ویں اوور میں عبید شاہ نے انہیں بولڈ کر دیا تھا، روسٹن چیس نے 126 گیندوں پر 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے شامل تھے۔
کیمار روچ نے 19 رنز بنائے تھے جبکہ شمر جوزف 8 رنز بنا کر ساجد خان کا شکار بنے تھے، دونوں کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے سے ویسٹ انڈیز کا سکور 326 رنز پر 9 وکٹیں ہوگیا۔
آخری وکٹ پر جے ڈن سیلز اور جومیل واریکن نے 18 رنز کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد ساجد خان نے 105 ویں اوور میں جے ڈن سیلز کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 344 رنز پر سمیٹ دی تھی، جومیل واریکن 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان سب سے کامیاب باؤلر رہے تھے جنہوں نے 32.4 اوورز میں 85 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی، علی عثمان اور عبید شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments