پی سی بی نے ویمنز ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے سکواڈز کا اعلان کردیا
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمنز ایشیا کپ اور 20ویں ایشین گیمز کے لیے 15،15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔
مستقل کپتان فاطمہ ثنا دونوں ایونٹس میں ٹیم کی قیادت کریں گی، وہ دی ہنڈریڈ میں مصروفیات کے باعث سری لنکا کیخلاف حالیہ ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھیں۔
واضح رہے ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ اسکواڈ میں فاطمہ ثنا، منیبہ علی صدیقی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، سائرہ جبیں، ایمن فاطمہ، ایمان نصیر، امِ ہانی، طوبیٰ حسن، نشرا سندھو اور مومنہ ریاست، ناجیہ علوی، وحیدہ اختر اور سعدیہ اقبال شامل ہیں، جبکہ ایشین گیمز کے لیے عالیہ ریاض، تسمیہ رباب اور حمنہ بلال کو شامل کیا گیا ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 16, 2026
پاکستان گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے ساتھ شامل ہے۔ قومی ٹیم یکم ستمبر کو تھائی لینڈ، 5 ستمبر کو بھارت اور 7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے خلاف میدان میں اترے گی، سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔
ایشین گیمز میں پاکستان کو تھائی لینڈ کے ساتھ سیڈ کیا گیا ہے اور قومی ٹیم 17 ستمبر کو ایچی کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں چوتھے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کا سامنا کرے گی، دیگر کوارٹر فائنلز میں بھارت کا مقابلہ جاپان، بنگلہ دیش کا چین اور سری لنکا کا ملائیشیا سے ہوگا۔
پاکستان نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں خواتین کے کرکٹ مقابلوں میں سونے کے تمغے جیتے تھے، جبکہ 2022 کے ایڈیشن میں ٹیم چوتھے نمبر پر رہی تھی۔ اس بار سیمی فائنل میں رسائی کی صورت میں پاکستان کا مقابلہ سری لنکا یا ملائیشیا سے ہوگا، جبکہ میڈل مقابلے 22 ستمبر کو ہوں گے۔
ایشیا کپ کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 16 سے 25 اگست تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments