مولانا سے ملاقات میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن پر اتفاق ہوا: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن پر اتفاق ہوا۔

وفاقی دارالحکومت میں  مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے گی اور قومی نوعیت کے اہم معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے جوائنٹ اپوزیشن کے حوالے سے بات ہوئی ہے، جبکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق پہلے ہی ہو چکا تھا، آج جوائنٹ اپوزیشن کے حوالے سے پہلی ملاقات ہوئی ہے جو خوش آئند رہی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قومی ایشوز پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ صوبوں کے معاملے سمیت دیگر اہم مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائی جائے گی، اسمبلی اجلاس سمیت قیدیوں کے معاملے پر بھی جوائنٹ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے متفقہ مشاورت کی جائے گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور جوائنٹ اپوزیشن کی ملاقاتیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

عبدالغفور حیدری

دوسری جانب مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اپوزیشن کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، آج کے مشاورتی اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی بات چیت ہوئی، ملک میں نئے صوبوں کے قیام سمیت مختلف اہم معاملات زیر غور آئے۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بدامنی کی لہر سمیت دہشت گردی اور دیگر مسائل پر اے پی سی میں بات کی جائے گی، ملک اس وقت جن مسائل میں گھرا ہوا ہے، ان میں کوشش ہو گی کہ اپوزیشن اپنا کردار ادا کرے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...