جنگِ ستمبر کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کا 61واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کے عظیم سپوت اور جنگ ستمبر 1965ء کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کا 61واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔

6 اگست 1928ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والے راجا عزیز بھٹی کے خاندان نے قیام پاکستان سے قبل ضلع گجرات میں اپنے آبائی گاؤں لدیاں میں سکونت اختیار کرلی، راجا عزیز بھٹی نے 21 جنوری 1948ء کو پاکستان ملٹری اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔

1950ء میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے پہلے ریگولر کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں انہیں بہترین کارکردگی پرشہید ملت خان لیاقت علی خان نے بہترین کیڈٹ کے اعزاز کے علاوہ شمشیر اعزازی اور نارمن گولڈ میڈل کے اعزاز سے نوازا۔

راجا عزیز بھٹی 1952ء میں اعلیٰ فوجی ٹریننگ کیلئے کینیڈا بھی گئے، انہوں نے 1957ء سے 1959ء تک جی ایس سیکنڈ آپریشنز کی حیثیت سے جہلم اور کوہاٹ میں خدمات انجام دیں، 1960ء سے 1962ء تک پنجاب رجمنٹ جبکہ 1962ء سے 1964ء تک انفنٹری سکول کوئٹہ سے وابستہ رہے۔

انہوں نے جنوری 1965ء سے مئی 1965ء تک سیکنڈ کمانڈ کے طورپر خدمات سرانجام دیں، 1965ء کی جنگ میں راجا عزیز بھٹی کو بی آر بی نہر کے کنارے پر بہ حیثیت کمپنی کمانڈر تعینات کیا گیا مگر انہوں نے اپنے لیے او پی کی ذمہ داری سنبھالی، جہاں کئی دن تک بھوکے پیاسے رہ کر وہ مسلسل دشمنوں کا منہ توڑ مقابلہ کرتے رہے۔

دشمنوں کو شدید جانی اور جنگی سازوسامان کا نقصان اُٹھانا پڑا، راجا عزیز بھٹی کے وار سے بھارت کے 2 ٹینک بھی تباہ ہوئے اور دشمن تازہ ترین کمک اور وافر اسلحہ ہونے کے باوجود ایک قدم آگے نہ بڑھ سکا۔

12 ستمبر کی صبح طلوع عزیز بھٹی نے دیکھا کہ دشمن کی فوج کے ہزاروں سپاہی برکی سے شمال کی طرف درختوں کے پیچھے چُھپے ہوئے ہیں اور آہستہ آہستہ نہر کی طرف بڑھ رہے ہیں، عزیز بھٹی نے فائرنگ شروع کر دی، جس سے وہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔

میجر عزیز بھٹی دوبارہ نہر کی پٹری پر چڑھ کر دشمن کی نقل وحرکت کا جائزہ لینے لگے کہ دشمن نے بمباری شروع کر دی، اپنے محاذ پر ڈٹے عزیز بھٹی ہر خطرے سے بے نیاز دشمن کا مقابلہ کر رہے تھے کہ ایک گولہ ان کے سینے سے آر پار ہوگیا، انہوں نے وہیں ملک وقوم کی آبرو کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔

مادر وطن کیلئے اپنی جان نثار کرنے پر میجر عزیز بھٹی کو 23ء مارچ 1966ء کو پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

آج ان کی 61ویں برسی کے موقع پر شہید کی آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی، افواج پاکستان نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کی 60ویں برسی کے موقع پر ان کی لازوال قربانی اور غیر معمولی بہادری کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...