روس نے مسافر ٹرین کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، یوکرینی ریلوے حکام کا دعویٰ
کیف: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین اور پولینڈ کی سرحد کے قریب مسافر ٹرین کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یوکرین کے ریلوے حکام کے مطابق روسی ڈرون نے پولینڈ کی سرحد سے محض 2 کلومیٹر دور اس مسافر ٹرین کو نشانہ بنایا جو کیف سے یورپ واپس آنے والے غیر ملکی سفارتی وفود کے لیے اکثر استعمال ہونے والے ریلوے روٹ پر سفر کر رہی تھی۔
حملے سے چند ہی منٹ قبل سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن، سابق سوئیڈش وزیراعظم کارل بلڈٹ اور دیگر یورپی شخصیات اسی ریلوے لائن پر سفر کرنے والی ایک سفارتی ٹرین کے ذریعے یورپ روانہ ہوئی تھیں۔
جس ٹرین کو نشانہ بنایا گیا وہ ان کی ٹرین کے چند منٹ بعد سرحدی کراسنگ کی جانب روانہ ہوئی تھی اور ڈرون کے قریب آنے پر اسے خالی کروا لیا گیا، جس کے باعث تمام مسافر محفوظ رہے۔
یوکرین کے ریلوے آپریٹر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر روسی ڈرون کا اصل ہدف سفارتی ٹرین ہی تھی، جو مسلسل روسی حملوں کے خطرے کے باعث ٹائم ٹیبل میں اچانک تبدیلی کے بعد معمول سے پہلے روانہ ہوئی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments