ایم ڈی کیٹ 2026: امتحانی پرچے سخت سکیورٹی میں 14 شہروں کیلئے روانہ

لاہور: (دنیا نیوز) میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ 2026ء کے امتحانی پرچے سخت حفاظتی انتظامات میں لاہور سے 14 شہروں کے لیے روانہ کر دیے گئے۔

امتحانی پرچوں کو سٹیل کے سربمہر ٹرنکوں میں محفوظ کیا گیا ہے، جنہیں پولیس اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی نگرانی میں لے کر روانہ ہوئے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کی سینئر فیکلٹی اور دیگر عملہ بھی امتحانی پرچوں کے ہمراہ روانہ ہوا۔

امتحانی پرچوں کو آج متعلقہ اضلاع کے خزانہ دفاتر میں محفوظ کر دیا جائے گا۔ ایم ڈی کیٹ 2026ء کا امتحان 20 ستمبر کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہوگا۔

وائس چانسلر میجر جنرل (ریٹائرڈ) سہیل صابر، پروفیسر نادیہ نسیم اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد عباس نے امتحانی عملے کو روانہ کیا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سینئر فیکلٹی ارکان اور افسران کو ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے کورئیرز مقرر کیا گیا ہے۔

ایم ڈی کیٹ کے انتظامات اور امتحان کی نگرانی کے لیے میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز کو ریجنل انچارج تعینات کیا گیا ہے، جبکہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے پرنسپلز کو انتظامات اور مانیٹرنگ کے لیے سینٹر انچارج مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے تمام افسران ایم ڈی کیٹ کی مانیٹرنگ کریں گے۔ امتحان کے دوران بہتر کوآرڈینیشن کے لیے یو ایچ ایس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، جہاں امتحان سے پہلے اور دوران لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

امتحانی مراکز سے مسلسل رابطے کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔ ہفتہ کے روز متعلقہ امتحانی مراکز پر نگران عملے کی ٹریننگ ہوگی۔

ایم ڈی کیٹ کا امتحان صوبے کے 15 شہروں میں قائم 31 مراکز میں لیا جائے گا۔ اس سال پنجاب میں 49 ہزار سے زائد امیدوار ایم ڈی کیٹ دیں گے۔

ایم ڈی کیٹ کے انتظامات کے لیے ہر ضلع میں 12 محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سکیورٹی اور بہترین انتظامات کو یقینی بنائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...