خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حالات خراب، بند کمروں کے فیصلوں کو نہیں مانتے: سہیل آفریدی
ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حالات خراب ہیں، بند کمروں کے فیصلوں کو نہیں مانتے۔
علی امین گنڈاپور کی رہائش گاہ الامین ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے درازندہ میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کی مذمت کی۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جو بھی اسلحہ اٹھاتا ہے وہ دہشت گرد ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صرف عوام ہی نہیں بلکہ سکیورٹی فورسز کے جوان بھی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے قیامِ امن کے لیے پولیس کو 35 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہے، خیبرپختونخوا کے عوام کو اعتماد میں لیے بغیر صوبے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمیں امن سے پیار ہے اور احساس ہے کہ ہمارے بچے، خواتین اور جوان شہید ہو رہے ہیں، دہشت گردی کی موجودہ لہر میں جو بھی شہید ہوگا اسے شہید پیکیج دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حالات خراب ہیں، جو حکومت کے بس کی بات نہیں، ہم بند کمروں کے فیصلوں کو نہیں مانتے اور ان کے بقول تین افراد ملک میں نفرتیں بڑھا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بکتر بند گاڑیوں کی عدم فراہمی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادائیگی کے باوجود صوبے کو بکتر بند گاڑیاں فراہم نہیں کی جا رہیں۔
سہیل آفریدی نے وفاق سے مطالبہ ہے کہ خیبرپختونخوا کو جلد بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جائیں، جنازے خیبرپختونخوا اٹھا رہا ہے، صوبہ زخمی ہے جبکہ وفاق جہاز لے رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments