امریکی افغانستان جنگ کمیشن کے وفد کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (دنیا نیوز) امریکی افغانستان جنگ کمیشن کے شریک چیئرز محترمہ شمیلا این۔ چودھری اور ڈاکٹر کولن ایف۔ جیکسن کی قیادت میں ایک وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز (سی او اے ایس و سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی افغانستان جنگ کمیشن کا وفد افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بشمول پاکستان کی معاونت، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، بات چیت میں کمیشن کے کام سے متعلق مختلف پہلوؤں اور نقطۂ نظر پر خصوصی توجہ دی گئی۔

فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز نے تنازع کے دوران سکیورٹی کی صورتحال کو تشکیل دینے والے عوامل کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور افغانستان میں طویل جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازع کے تزویراتی، سفارتی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے علاقائی نقطۂ نظر اور پاکستان کے تجربات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

دوسری جانب امریکی وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور دی جانے والی قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...