سول مقدمہ زیرِ سماعت ہونے سے فوجداری کارروائی نہیں رک سکتی: عدالت

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی معاملے سے متعلق سول مقدمہ زیرِ سماعت ہونے کی بنیاد پر فوجداری کارروائی نہیں روکی جا سکتی، سول اور فوجداری کارروائیاں بیک وقت جاری رہ سکتی ہیں، عدالت نے واضح کیا کہ محض سول تنازع موجود ہونے کی بنیاد پر فوجداری مقدمہ ختم یا معطل نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امجد پرویز نے چوہدری ارشاد اللہ چٹھہ کی درخواست پر 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، عدالت نے اللہ وسایا وغیرہ کی جانب سے دائر دونوں آئینی درخواستیں ناقابلِ میرٹ قرار دے کر خارج کر دیں۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ سول کیس کا زیرِ التوا ہونا فوجداری کارروائی روکنے کی قانونی وجہ نہیں ہے، اگر کسی معاملے میں بیک وقت سول اور فوجداری پہلو موجود ہوں تو دونوں کارروائیاں اپنے اپنے قانونی دائرہ کار کے مطابق جاری رہ سکتی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے مزید قرار دیا کہ مبینہ جعلسازی کا جرم اگر سول مقدمہ دائر ہونے سے پہلے کیا گیا ہو تو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 195(1)(c) کا اطلاق نہیں ہوتا، صرف اس بنیاد پر فوجداری کارروائی کو روکا نہیں جا سکتا کہ اسی معاملے سے متعلق سول مقدمہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

فیصلے کے مطابق فوجداری مقدمات کو قانون کے مطابق معمول کے طریقہ کار کے تحت آگے بڑھنا چاہیے، عدالت نے قرار دیا کہ زیرِ بحث ایف آئی آرز ابھی تفتیش کے مرحلے میں ہیں، اس لیے اس مرحلے پر ہائیکورٹ کی جانب سے مداخلت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

مقدمے کے مطابق 66 اور 70 سالہ میاں بیوی کی اراضی سے متعلق مبینہ جعلسازی اور فراڈ کے الزامات پر فوجداری مقدمات درج کیے گئے تھے، درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ چونکہ اراضی کے معاملے سے متعلق سول مقدمہ بھی عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے فوجداری کارروائی کو روکا جائے۔

عدالت نے درخواست گزاروں کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ سول اور فوجداری کارروائیوں کے اپنے الگ دائرہ کار ہیں اور سول مقدمے کی موجودگی بذاتِ خود فوجداری کارروائی ختم کرنے یا معطل کرنے کی بنیاد نہیں بن سکتی، لاہور ہائیکورٹ نے دونوں آئینی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے فوجداری مقدمات میں قانون کے مطابق تفتیش اور کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...