طلبہ وفد کا واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ، سفارتی کردار میں اظہار دلچسپی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ہارٹ فورڈ یونیورسٹی کے بین الاقوامی طلباء کے وفد نے واشنگٹن میں سفارتخانہ پاکستان کا دورہ کیا، جہاں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے طلباء کو پاکستان کی سفارتی ترجیحات، عالمی و علاقائی امن کے لیے کوششوں اور پاک-امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔
ہارٹ فورڈ یونیورسٹی، کنیکٹیکٹ سے تعلق رکھنے والا طلباء کا وفد پیس اینڈ جسٹس ایسوسی ایشن کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں واشنگٹن پہنچا تھا، وفد میں بین الاقوامی پیس بلڈنگ پروگرام میں ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے والے طلباء شامل تھے، جن کا تعلق البانیہ، گھانا، انڈونیشیا، لبنان، امریکہ اور دیگر ممالک سے تھا۔
ہارٹ فورڈ یونیورسٹی مذہبی سکالرشپ، مکالمے، قیامِ امن اور تنازعات کے حل سے متعلق کاوشوں کے حوالے سے جانی جاتی ہے، یونیورسٹی کے ماسٹرز پروگرام میں طلباء کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مکالمہ، ثالثی، مفاہمت اور کمیونٹی کی تعمیری سرگرمیوں میں عملی مہارت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
پاکستان کے حالیہ سفارتی کردار کے تناظر میں ہارٹ فورڈ یونیورسٹی نے سفارتخانہ پاکستان سے رابطہ کیا تاکہ طلباء کو پاکستان کی بین الاقوامی سفارتی کوششوں اور امن کے فروغ کے لیے اقدامات کے بارے میں آگاہی حاصل ہوسکے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے طلباء کو پاکستان کی سفارتی ترجیحات اور پاک-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں پر بریفنگ دی، طلباء نے بین الاقوامی سفارتی سطح پر پاکستان کے کردار اور ابھرتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب، علاقائی اور عالمی امن پر مرکوز سفارت کاری کا سفر آٹھ دہائیوں پر محیط ہے، پاکستان ماضی میں امریکہ اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرچکا ہے اور دونوں ممالک کو قریب لانے میں پاکستان کے کردار کو اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1988 کے جنیوا معاہدے میں بھی پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، سفارت کاری ایک مسلسل اور تدریجی عمل ہے، جس میں رازداری کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا نتیجہ اور کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت نے ایک اہم بنیاد قائم کی ہے اور یہ خاموش، انتھک اور مؤثر سفارت کاری کا نتیجہ ہے، پاکستان روزِ اول سے عالمی اور علاقائی امن کا داعی ہے اور آئندہ بھی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ-ایران تنازعے کے حوالے سے آج بھی سفارتی سطح پر فعال ہے اور خطے میں امن کے حصول کے لیے دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر کردار ادا کر رہا ہے، علاقائی اور عالمی امن کے ضمن میں پاکستان کا کردار اور صلاحیتیں باعثِ اطمینان اور استحکام ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments