گوگل نے اپنے صارفین کیلئے میسجز میں نیا لانگ پریس مینو متعارف کرا دیا
کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) گوگل نے اپنے صارفین کیلئے میسجز میں نیا لانگ پریس مینو متعارف کرا دیا
گوگل میسجز نے یکم اکتوبر 2026 سے صارفین کے لیے نیا لانگ پریس مینو متعارف کرا دیا، جس کا مقصد پیغامات کے استعمال اور مختلف آپشنز تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔
نئی اپڈیٹ کے تحت پیغام کو لانگ پریس کرنے پر ریپلائی، فارورڈ، کاپی، سٹار، ڈیلیٹ، سلیکٹ مور اور انفو سمیت اہم آپشنز ایک ہی مینو میں دستیاب ہوں گے، جبکہ تصاویر کے لیے ری مکس اور سیو جیسے آپشنز بھی شامل کیے گئے ہیں، نیا مینو لائٹ اور ڈارک موڈ کے ساتھ ساتھ لینڈ سکیپ سکرین میں بھی بہتر انداز میں کام کرے گا۔
اپڈیٹ کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارف اب پورا پیغام کاپی کرنے کے بجائے پیغام کے کسی مخصوص حصے کو منتخب کرکے کاپی کرسکیں گے، منتخب متن کے لیے الگ مینو ظاہر ہوگا، جس میں کاپی، ترجمہ اور سلیکٹ آل کے آپشنز موجود ہوں گے۔
گوگل نے پیغام کے انتخاب کے تجربے کو بھی بہتر بنایا ہے۔ تازہ ترین پیغام منتخب کرنے پر اینیمیشن اور ہلکی وائبریشن ہوگی جبکہ منتخب پیغام سکرین کے درمیان میں نمایاں ہوجائے گا، جس سے صارف کو منتخب پیغام کی شناخت میں آسانی ہوگی۔
دوسری جانب اگر یہ نئے فیچرز صارف کے فون پر نظر نہیں آرہے تو گوگل میسجز کو فورس سٹاپ کرکے دوبارہ کھولنے سے اپڈیٹ فعال ہونے کا امکان ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments