یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں سی این این اکیڈمی کا تربیتی کورس مکمل
لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں سی این این اکیڈمی کے زیر اہتمام ’’اسٹوری ٹیلنگ اِن دی ایج آف اے آئی‘‘ کے عنوان سے 5 روزہ تربیتی کورس اور نیوز روم سیمولیشن کا انعقاد کیا گیا۔
12 سے 16 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس پروگرام کے ذریعے پہلی بار سی این این اکیڈمی کا نیوز روم سیمولیشن پاکستان لایا گیا، تربیتی پروگرام میں شرکا نے خبروں کی تیاری سے لے کر اشاعت تک کے تمام مراحل میں عملی طور پر حصہ لیا۔
تربیتی پروگرام کے دوران شرکا نے بدلتی صورتحال کے مطابق خبروں کو اپ ڈیٹ کرنے، مختلف زاویوں سے کہانی پیش کرنے اور ذرائع کی تصدیق کرنے کی مشق کی۔
پروگرام میں شرکا نے نیوز کانفرنسز اور انٹرویوز کے دوران حکام، ترجمانوں اور عینی شاہدین کا کردار ادا کرنے والے افراد سے سوالات بھی کیے۔
تربیت میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں، تصاویر اور معلومات کی تصدیق کے بعد انہیں خبر میں استعمال کرنے کی مشق بھی شامل تھی جبکہ گمراہ کن معلومات سے نمٹنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
پروگرام کے اختتام پر شرکا میں سے ایک فاتح اور ایک رنر اپ ٹیم منتخب کی گئی، فاتح ٹیم کی تیار کردہ رپورٹ سی این این اکیڈمی کی ویب سائٹ پر شائع کی جائے گی۔
.jpg)
واضح رہے کہ سی این این اکیڈمی امریکا، جاپان، ہانگ کانگ، ملائیشیا ، متحدہ عرب امارات، آئرلینڈ، عراق اور پیرو سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں صحافیوں کی تربیت کے پروگرام منعقد کرتی ہے اور ان پروگرامز کو عالمی سطح پر پیشہ وارانہ صحافت میں انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔
یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے اس تربیتی پروگرام کو شرکا کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور سی این این جیسے عالمی ادارے کے اشتراک سے پاکستان میں پہلی بار اس سطح پر پیشہ وارانہ صحافت کے رموز کو متعارف کرانا خوش آئندہ قرار دیا گیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ یہ تربیتی پروگرام انھیں دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے عالمی شناخت بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، اس پروگرام نے انھیں نیوزروم کے جدید اسٹرکچر اور مصنوعی ذہانت کے دور میں رپورٹنگ کے نئے طریقہ کار سے آگاہی فراہم کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments