پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات نہیں کرتے، ہم اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی نہیں کر سکے: میاں عامر محمود

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات نہیں کرتے، ہم اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی حاصل نہیں کر سکے۔

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز اکیڈمی میں زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود کا کہنا تھا کہ 2008 سے سمال ایڈمنسٹر یونٹس کے بارے میں لکھنا شروع کیا، ہم پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات نہیں کرتے، ہم اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی حاصل نہیں کر سکے، 25 کروڑ عوام کی زندگی آسان بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو عوام کی خدمت کرنی چاہیے، اب تک کی تمام گفتگو میں کوئی ذاتی یا سیاسی بات نہیں کی، سوالات پوچھنے سے معاملات کو سمجھنے میں زیادہ آسانی ہوتی ہے، 1947میں ہمیں 4 صوبے دیئے گئے، پانچواں ایسٹ پاکستان تھا جو اب نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں ہم صرف چار صوبوں پر ہی بات کریں گے، پنجاب دنیا کے 182 ممالک، سندھ دنیا کے 162 ممالک، کے پی کے دنیا کے 152 ممالک، جبکہ بلوچستان دنیا کے 172 ممالک سے بڑا ہے۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ بلوچستان کے حالات اور طویل فاصلے وہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کمزور کر رہے ہیں، دور دراز علاقوں میں دہشت گردی کے بعد انتظامیہ کو پہنچنے میں پورا دن لگ جاتا ہے۔

چیئرمین دنیا میڈیا گروپ کا کہنا تھا کہ اس صورتحال پر ہمیں اعداد و شمار کی طرح واضح جواب نہیں مل سکا، اصل مسائل کا جواب ہمیں جذباتی نعروں سے ملتا ہے، ملک تقسیم نہیں کریں گے کیونکہ دھرتی ماں ہوتی ہے، اس قسم کے جوابات دیئے جاتے ہیں، صوبائی حدود اور باؤنڈریز وقت کے ساتھ مسلسل بدلتی رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...