سان فرانسیسکو میں پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کا انعقاد، ٹیکنالوجی تعاون پر اتفاق
سان فرانسیسکو: (دنیا نیوز) پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سلیکون ویلی، سان فرانسسکو میں ہوا، جس میں سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے شرکت اور خطاب کیا۔
کانفرنس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی، جدت، ڈیجیٹل انٹرپرائز اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے، پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے امریکی منڈی میں مواقع پیدا کرنے اور جدید ٹیکنالوجیز میں مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا گیا۔
کانفرنس میں پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں، صنعت کاروں، کاروباری شخصیات اور مختلف شراکت داروں نے بھرپور شرکت کی، اس موقع پر پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر کی صلاحیتوں، عالمی ٹیکنالوجی منڈی میں پاکستانی کمپنیوں کے کردار اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور امریکا کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے موجودہ ٹیکنالوجی شراکت داریوں کو وسعت دینے، باہمی مفاد پر مبنی نئے اشتراک قائم کرنے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے امریکی منڈیوں تک رسائی میں توسیع، بین الاقوامی کاروباری روابط کا فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے لیے نئے معاشی امکانات پیدا کر سکتی ہے، اس امر پر بھی زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پاکستان اور امریکا کے درمیان پائیدار اقتصادی تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔
کانفرنس کے دوران پاکستان کی سرکردہ آئی ٹی کمپنیوں نے اپنی کارکردگی، تجربات اور صلاحیتوں کے بارے میں معلومات پیش کیں۔
شرکا نے امریکی مارکیٹ میں ٹیکنالوجی مصنوعات اور خدمات کو متعارف کرانے، کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے قیام سے متعلق اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
تقریب کا ایک اہم حصہ ’’پاکستان سے سلیکون ویلی تک: عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعمیر اور توسیع‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثہ تھا۔
اس میں امریکی مارکیٹ میں داخلے کی حکمت عملی، بڑے کاروباری اداروں کو صارفین کے طور پر حاصل کرنے، عالمی ٹیموں کی توسیع اور مصنوعی ذہانت سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے استفادے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
شرکا نے پاکستان اور سلیکون ویلی کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو عالمی سطح پر اپنی موجودگی بڑھانے کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا، اس سلسلے میں جدید کاروباری ماڈلز، بین الاقوامی تجربات اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کو باہمی تعاون کے اہم شعبوں کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک امریکا ٹیک کنیکٹ جیسے اقدامات پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، ملک کے سازگار آبادیاتی عوامل سے فائدہ اٹھانے اور جدید بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے لیے اہم پلیٹ فارم ہیں۔
انہوں نے سلیکون ویلی اور امریکی مغربی ساحل پر مقیم پاکستانی نژاد امریکی ماہرین، ٹیکنالوجی پروفیشنلز اور کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو ایک کم لاگت، معیاری اور مسابقتی ٹیکنالوجی مرکز کے طور پر متعارف کرانے اور اس کی عالمی ساکھ مضبوط بنانے کی کوششوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے پاکستان اور امریکا کے کاروباری اداروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ فریقین کے درمیان طویل المدتی روابط کے فروغ کے لیے پاکستانی سفارت خانے کے تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
رضوان سعید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کا سلسلہ سلیکون ویلی سے آگے بڑھاتے ہوئے امریکا کے مزید تین شہروں تک لے جایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اگلی کانفرنسیں بالترتیب 19 اکتوبر کو ڈیلاس، 21 اکتوبر کو واشنگٹن ڈی سی اور 23 اکتوبر کو شکاگو میں منعقد ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments