ٹرمپ انتظامیہ اور یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا کے درمیان معاہدہ طے
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ٹرمپ انتظامیہ اور یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت یونیورسٹی کے خلاف نسلی امتیاز اور یہود دشمنی کے الزامات سے متعلق 18 وفاقی تحقیقات ختم کر دی جائیں گی۔
معاہدے کے تحت یونیورسٹی کو کوئی جرمانہ ادا نہیں کرنا ہوگا جبکہ وفاقی فنڈز حاصل کرنے کی اہلیت بھی برقرار رہے گی، یونیورسٹی نے کسی قسم کی بدعنوانی یا قانونی ذمہ داری تسلیم نہیں کی۔
معاہدے کے تحت یونیورسٹی میں امتیازی سلوک، بالخصوص یہود دشمنی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایک منتظم اور رابطہ افسر مقرر کیا جائے گا جبکہ طلبہ، اساتذہ اور عملے کے لئے یہود دشمنی سے متعلق لازمی تربیت بھی متعارف کرائی جائے گی۔
معاہدے میں مظاہروں کے دوران شناخت چھپانے والے ماسک یا چہرے کے غلاف پر پابندی اور امتیازی یا یہود مخالف طرزِ عمل پر طلبہ تنظیموں کے خلاف تادیبی کارروائی کی شقیں بھی شامل ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل متعدد امریکی جامعات کے خلاف تحقیقات اور وفاقی فنڈز روکنے کی دھمکیوں کے ذریعے دباؤ ڈالتی رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments