میر رضا کیس:حکومت 24 گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل کرے، جبران ناصر

کراچی :(دنیا نیوز) میر رضا کے اہلِ خانہ کے وکیل جبران ناصر نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 24 گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل کرے۔

شہرِ قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  جبران ناصر نے میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن نے واضح کر دیا ہے کہ میر رضا کا قتل ہوا ہے، لہٰذا اب ان کی خودکشی کا مؤقف ختم ہو جانا چاہیے اور پولیس کو مزید شرمندگی سے بچنے کے لیے حقائق سامنے لانے چاہئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی تفصیلی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی، تاہم ابتدائی طور پر سامنے آنے والی سفارشات اور نتائج کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس کیس میں مختلف فریقوں کا انفرادی کردار رہا ہے، لیکن رپورٹ کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ عوام کا پولیس پر اعتماد باقی نہیں رہا۔

مقتول کے اہل خانہ کے وکیل کا کہنا تھا  کہ میر رضا کیس کے اصل حقائق تک پہنچنے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر تحقیقات ہی واحد ذریعہ رہ گیا ہے، ان کے بقول، جب تک واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات نہیں ہوتیں، اس وقت تک ذمہ داروں کی نشاندہی اور انصاف کی فراہمی ممکن نہیں ہوگی۔

جبران ناصر نے کہا کہ اہلِ خانہ کے مؤقف کے مطابق حکومت کو فوری طور پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینی چاہیے، انہوں نے ڈی آئی جی ویسٹ کو جے آئی ٹی کا سربراہ بنانے کی سفارش کا بھی ذکر کیا۔

اُن کا کہنا تھا جوڈیشل کمیشن نے ابتدائی 10 روز کی تحقیقات میں مبینہ طور پر ملوث افسران کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے انکوائری کرانے کو ضروری سمجھا ہے، اگر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر تحقیقات کی جائیں تو ممکن ہے کہ قاتلوں تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔

وکیل نے کہا کہ اہلِ خانہ کو اس وقت اطمینان حاصل ہوگا جب قتل میں ملوث افراد کو سامنے لایا جائے گا اور واقعے کے تمام حقائق واضح ہوں گے، انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایف آئی اے انکوائری شروع کرنے اور جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

جبران ناصر کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے انکوائری کا آغاز اور جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن ایک روز میں جاری کیا جا سکتا ہے، حکومت کو چاہیے کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر عمل درآمد یقینی بنائے تاکہ میر رضا کیس کی تحقیقات آگے بڑھ سکیں اور اہلِ خانہ کو انصاف کی فراہمی کی جانب پیش رفت ہو۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...