پشاور ہائیکورٹ کا ڈپٹی سپیکر کی گرفتاری روکنے، گھر ڈی سیل کرنے کا حکم

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی ثریا بی بی کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے ان کا گھر ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کے گھر پر پولیس چھاپے اور سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس محمد فہیم ولی نے کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ثریا بی بی ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی ہیں، انہیں 2024 میں سرکاری گھر الاٹ ہوا تھا، 11 اکتوبر کو صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کی گئی جبکہ 14 اکتوبر کو ان کے گھر پر غیر قانونی چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا گیا۔

وکیل نے دلائل دیئے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے دوران بھی سپیکر ہاؤس کو سیل نہیں کیا جا سکتا، عدالت فریقین کو خاتون درخواست گزار کی گرفتاری سے روکنے اور گھر ڈی سیل کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے انتظامیہ کی جانب سے ثریا بی بی کا گھر سیل کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے گھر ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا جبکہ پولیس کو ڈپٹی سپیکر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری سے بھی روک دیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...