یو سی پی کی پی سی بی اور ایچ ای سی کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں تعاون کی پیشکش

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین یو سی پی میاں عامر نے یونیورسٹی کرکٹ کو قومی ڈومیسٹک کرکٹ کا مستقل حصہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی جانب سے پی سی بی اور ایچ ای سی کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں مشترکہ شراکت داری کی پیشکش کردی۔

یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور میں سالانہ سپورٹس پرائز ڈسٹری بیوشن تقریب ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد نے شرکت کی۔

یو سی پی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے گریڈ میں کامیابی حاصل کرلی، ٹیم اب گریڈ ٹو گولڈ لیگ میں حصہ لے گی، گریڈ ٹو گولڈ لیگ میں کامیابی کی صورت میں یو سی پی کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ تک رسائی کی راہ ہموار ہوگی۔

چیئرمین یو سی پی میاں عامر نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ یونیورسٹیوں میں موجود ہے، ضرورت صرف اسے آگے بڑھنے کے لیے مستقل راستہ دینے کی ہے۔

میاں عامر نے یو سی پی کی جانب سے پی سی بی اور ایچ ای سی کو مشترکہ ٹیلنٹ کیمپ لگانے کے لیے گراؤنڈز اور سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی، پنجاب گروپ کے ایک ہزار سے زائد کیمپس کے نیٹ ورک کو کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے استعمال کرنے کی تجویز دی۔

چیئرمین یو سی پی نے یونیورسٹی کرکٹرز کے لیے مشترکہ ڈیٹا بیس، کیمپس کوچز کی پی سی بی سے سرٹیفکیشن اور خصوصی کرکٹ اسکالرشپس کی تجویز بھی دی۔

میاں عامر نے خواتین کی کرکٹ کے ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کو ابتدا ہی سے ترجیح دینے پر زور دیا۔

پنجاب گروپ آف کالجز نے پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں مرد و خواتین کی جنرل ٹرافی مسلسل 30 سال جیتی، یو سی پی نے ایچ ای سی کی مردوں کی جنرل ٹرافی مسلسل 15 سال اپنے نام کی۔

پنجاب گروپ اور یو سی پی کے تقریباً 100 موجودہ اور سابق طلبہ 22 کھیلوں میں پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کر چکے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سمیت متعدد پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹرز کا تعلق پنجاب گروپ اور یو سی پی سے ہے۔

میاں عامر نے کہا کہ کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کے لیے مستقل فنڈنگ اور طویل مدتی منصوبہ بندی ضروری ہے، یونیورسٹی کرکٹ کا مستقبل کسی ایک سیزن کے فیصلے کے بجائے مستقل پالیسی سے وابستہ ہونا چاہئے۔

تقریب کے دوران یو سی پی نے قومی کرکٹ کے نظام میں یونیورسٹیوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے اپنے وسائل، تجربے اور کھلاڑیوں کی خدمات پیش کردیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...