انسان اور ریچھ کی انوکھی دوستی، 150 کلو وزنی ماسا اب بھی گود میں بیٹھنے کی ضد کرتی ہے

سرائیوو: (ویب ڈیسک) ریچھ کو دنیا کے طاقتور اور خطرناک جنگلی جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے، لیکن یورپی ملک بوسنیا و ہرزیگووینا میں ایک شخص اور مادہ ریچھ کی انوکھی دوستی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔

پیٹر ٹیوبک اور مادہ ریچھ ماسا کی دوستی کا آغاز 2019 میں ہوا، جب پیٹر نے جنگل میں تنہا چھوڑی گئی اس ننھی ریچھ کو دیکھا اور اپنے ساتھ گھر لے آئے۔

اس وقت ماسا کا وزن محض 2 کلوگرام تھا اور تنہا جنگل میں اس کے زندہ بچنے کے امکانات کم تھے۔ پیٹر ٹیوبک نے اس کی دیکھ بھال کی اور دودھ اور پھلوں کے ذریعے اسے بڑا کیا۔

پیٹر کے مطابق، ٹیڈی بیئر دنیا بھر میں مقبول کھلونوں میں شامل ہیں، لیکن تصور کریں کہ اگر ایک حقیقی ریچھ آپ کے ساتھ ہو تو اس سے جدا ہونا کتنا مشکل ہوگا، تاہم، ان کے بقول، ریچھ کی دیکھ بھال کرنا ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے۔

وقت گزرنے کے ساتھ ماسا کا وزن بڑھ کر 150 کلوگرام ہوچکا ہے اور موسم سرما میں اس کے وزن میں مزید اضافے کا امکان ہے، اس کے باوجود ماسا اب بھی بچپن کی عادت برقرار رکھے ہوئے ہے اور اکثر پیٹر کی گود میں بیٹھنے کی کوشش کرتی ہے۔

پیٹر ٹیوبک کا کہنا ہے کہ ریچھوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے کبھی کبھار ان کے جسم پر خراشیں پڑ جاتی ہیں یا قمیض پھٹ جاتی ہے۔

ماسا کے علاوہ پیٹر نے ایک اور مادہ ریچھ، لوبیتسا، کو بھی گود لے رکھا ہے، جو ان کی جائیداد میں رہتی ہے۔ دونوں ریچھوں کی موجودگی کے باعث ماؤنٹ اوزرین میں واقع ان کا گھر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

پیٹر ٹیوبک بتاتے ہیں کہ ماسا کی آمد نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا، کیونکہ اس سے پہلے انہوں نے کبھی کسی جانور کی دیکھ بھال نہیں کی تھی۔ اب وہ دو بھیڑیوں، ہرن، ریکون اور دیگر جانوروں کی بھی دیکھ بھال کرتے ہیں۔

پیٹر کی اہلیہ میلیسا اور 9 سالہ بیٹی ایوا بھی ان کے ساتھ رہتی ہیں، جبکہ وہ خود پیشے کے اعتبار سے الیکٹریشن ہیں۔ انہیں پیراگلائیڈنگ، غاروں کی کھوج اور ہائیکنگ کا بھی شوق ہے، تاہم ان کے خاندان کی خوشی کا ایک بڑا ذریعہ جانوروں کے ساتھ وقت گزارنا ہے۔

پیٹر ٹیوبک ان ریچھوں کو واپس جنگل میں چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں، لیکن انہیں خدشہ ہے کہ انسانوں سے حد سے زیادہ مانوس ہو جانے کے باعث جنگل میں ان کی واپسی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

فی الحال ماسا اور لوبیتسا پیٹر کے ساتھ ہی رہیں گی، جبکہ ان کی انوکھی دوستی سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...