میرپور ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا دیا
ڈھاکا: (دنیا نیوز) ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی اور دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے مہمان ٹیم کو فتح کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا، جسے ویسٹ انڈیز نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بارش، خراب روشنی اور آسمانی بجلی کے باعث میچ میں متعدد مرتبہ کھیل روکنا پڑا، تاہم ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے ہدف کے تعاقب میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 81 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے جان کیمبل کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت قائم کرکے کامیابی کی بنیاد رکھی، جان کیمبل 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کیون ہوج نے ناقابل شکست 31 رنز سکور کیے۔
اس سے قبل بنگلادیش کی دوسری اننگز 79 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی تو میزبان ٹیم کے بلے بازوں نے مزاحمت کی کوشش کی، نعیم حسن نے نصف سنچری سکور کرتے ہوئے 50 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ اپنی ٹیم کو بڑا مجموعہ دینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان روسٹن چیز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 36 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے سپنر جومیل واریکن نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
اس فتح کے بعد ویسٹ انڈیز نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ بنگلادیش کو سیریز برابر کرنے کے لیے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی درکار ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments