شبقدر: ایف سی کے 983 جوانوں کی پہلی تاریخی پاسنگ آؤٹ پریڈ

شبقدر، چارسدہ: (دنیا نیوز) فیڈرل کانسٹیبلری کے سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ شبقدر ٹریننگ سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں پہلی مرتبہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 983 جوان تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آؤٹ ہوئے، جن میں 35 خواتین بھی شامل ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے مظاہرے بھی دیکھے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شاندار پریڈ نے ثابت کیا ہے کہ تمام جوان متحد، منظم اور اپنے مشن کیلئے پوری طرح تیار ہیں، جوانوں کی کارکردگی ان کی عملی تربیت کے ساتھ ساتھ عزم، حوصلے اور ملک کی خدمت کے جذبے کی بھی عکاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونے والے جوان فیڈرل کانسٹیبلری میں آنے والی بڑی تبدیلی کے عملی نمائندے اور نئے دور کے پہلے سپاہی ہیں، جس کی بنیاد ذمہ داری، واضح سمت، جدید تقاضوں اور قومی خدمت کے جذبے پر رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری، جو پہلے فرنٹیئر کانسٹیبلری تھی، ایک صدی سے زائد تاریخ رکھنے والی فورس ہے، جس نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، سرکاری تنصیبات اور قومی منصوبوں کی حفاظت سمیت امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ جوانوں کی تربیت اور سہولیات میں بہتری کیلئے وزارت داخلہ نے عملی اقدامات کئے ہیں، ایف سی ٹریننگ اکیڈمی شبقدر میں 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، جدید سوئمنگ پول کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ جوانوں کو عربی اور انگریزی زبانوں کے کورسز بھی کرائے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ میں شامل ہونے والے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تحمل، نظم و ضبط اور فیصلہ سازی حساس حالات میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عزت، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ ملک کی خدمت کریں، پاکستان کو آپ پر فخر ہے، آخر میں انہوں نے انسپکٹر جنرل فیڈرل کانسٹیبلری اور ان کی پوری ٹیم کو شاندار پریڈ اور جوانوں کی اعلیٰ تربیت پر مبارکباد پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...