ایران کو روس سے جدید ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم ملنے کا امکان، معاہدہ طے پا گیا

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو جلد ہی روس سے جدید ائیر ڈیفنس سسٹم ایس 400 ملنے والا ہے، دونوں ممالک کے درمیان اس دفاعی نظام کی خریداری کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔

اخبار کے مطابق روسی صدر مسعود پزشکیان اور ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی کے حالیہ دوروں کے دوران روس اور ایران کے درمیان دفاعی تعاون سمیت گیس کی نئی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے پر بھی بات چیت ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس کئی برس سے ایران کو ایس 400 دفاعی نظام فروخت کرنے کا عندیہ دیتا رہا ہے، تاہم اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کے خدشے کے باعث اب تک اس معاہدے پر پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔

برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ ایران نے حالیہ عرصے میں روس کے ساتھ ہتھیاروں کی فراہمی کے متعدد معاہدے کیے ہیں، بظاہر یہ معاہدے ایران کے طویل مدتی دفاعی منصوبوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد امریکا کے ساتھ ممکنہ جنگ کی صورت میں اپنی دفاعی صلاحیت بہتر بنانا ہے۔

اخبار نے ایران کیلئے روسی میزائلوں کی تیاری کا بھی انکشاف کیا ہے جنہیں ہیلی کاپٹر سے فائر کیا جا سکتا ہے، محسن رضائی کے دورہ ماسکو سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں کہ روس ایران کی مدد نہیں کر رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...