دبئی کے پرفیوم برانڈ نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی کے معروف پرفیوم گروپ رصاصی کے نئے برانڈ کنز ڈی رصاصی نے اپنے عطر ’’ہاوس فراسٹ‘‘ کی منفرد عالمی رونمائی کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
نیپال کے ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے میں 5 ہزار 170 میٹر کی بلندی پر عطر متعارف کروانے کے بعد دبئی کے برج خلیفہ پر خصوصی لائٹ شو کے ذریعے اس کی رونمائی کی گئی۔
کنز ڈی رصاصی نے 2 نومبر کو نیپال کے ایورسٹ ریجن میں عطر متعارف کرایا تھا، جسے بلند ترین مقام پر پرفیوم کی لانچنگ کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قرار دیا گیا، دبئی میں منعقدہ تقریب کے دوران گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سینئر جج کنزی الدفراوی نے کامیابی کا باضابطہ سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
تقریب میں برج خلیفہ کی بیرونی سطح پر ایک منٹ کا خصوصی لائٹ شو پیش کیا گیا، جس میں دنیا کی بلند ترین عمارت کو برف سے ڈھکتے ہوئے دکھایا گیا، تقریب میں تقریباً 200 مدعو مہمانوں نے شرکت کی جبکہ معروف ریڈیو میزبان کرس فیڈ نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
اس موقع پر رصاصی پرفیومز کے مالک اور اے اے آر گروپ کے چیئرمین انیس عبدالرزاق، وائس چیئرمین اور کنز ڈی رصاصی کے شریک بانی اسماعیل انیس اور اسحاق انیس بھی موجود تھے، ایورسٹ کی چوٹی 12 مرتبہ سر کرنے والے نیپالی کوہ پیما نیما تینجی شیرپا نے بھی تقریب میں شرکت کی، جو عطر کی پہلی بوتل نیپال میں رونمائی کے مقام تک لے کر گئے تھے۔
تقریب کا ایک اہم حصہ عطر کی پہلی بوتل ’’کیری نمبر 001‘‘ کی نیلامی تھی، جس نے ایورسٹ سے برج خلیفہ تک کا سفر طے کیا، نیلامی سے حاصل ہونے والے 2 لاکھ 60 ہزار درہم دبئی کی فلاحی تنظیم دبئی کیئرز کو عطیہ کیے گئے، اس سلسلے میں چیک تنظیم کی سینئر ڈائریکٹر پارٹنرشپس دلال الشرہان کے حوالے کیا گیا، یہ رقم نوجوانوں کی تعلیم اور مہارتوں کے فروغ کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
کنز ڈی رصاصی کے شریک بانی اسماعیل انیس کا کہنا تھا کہ دبئی نے انہیں بلند اہداف مقرر کرنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دیا ہے، برانڈ کے آغاز کے محض ایک ماہ بعد گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرنا کمپنی اور دبئی دونوں کیلئے اہم کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ رصاصی کی بنیاد 1979ء میں دبئی کے علاقے دیرہ میں رکھی گئی تھی، جبکہ کنز ڈی رصاصی کو اکتوبر 2026ء میں متعارف کرایا گیا، کمپنی کے مطابق نیا عطر خلیجی ممالک، بھارت، برطانیہ، یورپ، امریکا اور دیگر بین الاقوامی منڈیوں میں بھی پیش کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments