قطر نے ایران امریکا تنازع ختم کرانے کیلئے نیا سفارتی فارمولا پیش کر دیا
دوحہ:(دنیا نیوز) قطر نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے حل اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے نیا سفارتی فارمولا پیش کردیا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق قطر ایران کو اپنی جوہری تنصیبات کے معائنے کے لیے اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو رسائی دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
رپورٹ میں لکھا گیا کہ قطری تجویز میں امریکی بمباری سے متاثر ہونے والی ایرانی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے پر بھی زور دیا گیا ہے، اس منصوبے پر عمل درآمد سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
دی گارڈین کا کہنا تھا کہ قطری فارمولے کے تحت امریکا فوری طور پر ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرے گا جب کہ ایران کے منجمد 8 ارب ڈالر کے اثاثوں میں سے کچھ رقم بھی جاری کرنے پر آمادگی ظاہر کرسکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قطری منصوبے میں ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو ملک سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ شامل نہیں، تاہم اس کی افزودگی کی سطح کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
دوسری جانب ایرانی جوہری تنصیبات تک اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کی رسائی کے معاملے پر تاحال حتمی اتفاق نہیں ہوسکا، ایران کو خدشہ ہے کہ معائنہ کاروں کے ذریعے حاصل ہونے والی حساس معلومات امریکا اور اسرائیل تک پہنچ سکتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments