پنجاب جیسی شفاف حکومت کہیں اور نہیں دیکھی: گورنر سندھ
لاہور: (دنیا نیوز) گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پنجاب جیسی شفاف حکومت میں نے کہیں اور نہیں دیکھی، قانون اچھا ہو تو اسے کوئی کالا نہیں کہتا، جو کالا ہوتا ہے اسے کوئی قانون نہیں کہتا، سوشل میڈیا نے زیادہ کام خراب کیا ہے، اس کی حرکتوں کی وجہ سے لوگ گرفت میں آجاتے ہیں۔
لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ لاہور پریس کلب نے ایک مثالی تحریک چلائی، صحافی ہمیشہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، آپ کے قلم، کیمرے اور سوچ کو سلام کرنے آیا ہوں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ میں ایک عام سا ادنیٰ کارکن ہوں، میرا آپ کے ساتھ ایک وکیل اور صحافی کا رشتہ بھی ہے، حکومت کسی کی بھی ہو صحافی ایمانداری سے رپورٹنگ کرتے ہیں اور معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کرتے ہیں۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ صحافیوں کے اختیارات محدود ہوگئے ہیں، آپ کے مسائل سے بھی واقف ہیں، لاہور پریس کلب پر خاص شفقت ہونی چاہیے، اگر ابلاغ مضبوط ہوگا تو نتائج بہت اچھے ہوں گے، جبکہ ابلاغ ڈرا ہوا ہو تو معاشرے کی صورتحال اچھی نہیں ہوگی، سندھ اور کراچی کی جانب سے آپ کے لیے محبت کا پیغام لے کر آیا ہوں، آپ کراچی آئیں تو ہمیں خوشی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بعد مسلم لیگ محدود ہوگئی تھی، آمریت کا دور آیا تو ترقی کا راستہ رُک گیا، پھر میاں نواز شریف نے ترقی کے سفر کا آغاز کیا، میں نے ٹانگے والا لاہور دیکھا ہے اور آج کے لاہور میں بڑا فرق ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ نواز شریف نے آئین اور آئین کی حکمرانی کی بات کی اور موٹرویز کا جال بچھانے سمیت ملک کو بہت کچھ دیا، کراچی کے لوگ بھی نواز شریف سے متاثر ہیں، ہم ان کی خدمات دیکھتے ہوئے ان کے ساتھ وابستہ ہوئے۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ سب سے پہلی کرپشن ذہنی کرپشن ہے، جس میں حقدار کو اس کا حق نہیں دیا جاتا، ایک کرپشن تعصب کی عینک لگا کر دیکھنا بھی ہے، جمہوریت میں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، نواز شریف نے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی ہے، تاہم سب کے اپنے اپنے ایشوز بھی ہوتے ہیں۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ انسانی حقوق کے خلاف کسی بھی قانون کی حمایت نہیں کریں گے، تمام مسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ کا انتظار کرنا چاہیے، ہر معاملے میں حکومت ذمہ دار نہیں ہوتی، جہاں حکومت نہیں پہنچ سکتی وہاں معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دکھاوے کا معاشرہ نہیں بننا چاہیے اور کسی کی مدد کرکے اس کی نمائش بھی نہیں کرنی چاہیے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کو تاریخی اہمیت حاصل ہے، شہر بہت زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن اسے اس کا حق نہیں ملتا، جنہیں کراچی کا حق ادا کرنا چاہیے تھا انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرپشن پکڑیں اور کسی کی خواہش پر کام نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کے اداروں میں گھوسٹ ملازمین بھرتی کیے گئے، ہمارے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی ہے، کچھ لوگ ہمارے خواب چرا گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments