صنعتوں کی سالانہ انسپکشن کا فیصلہ مسترد، 'فباٹی' کا الیکٹرک انسپکٹریٹ سے استثنیٰ دینے کا مطالبہ
کراچی: (دنیا نیوز) فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) نے الیکٹرک انسپکٹریٹ کی جانب سے صنعتی یونٹس کی سالانہ انسپکشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر فباٹی سید رضا حسین نے کہا کہ صنعتوں کی انسپکشن کا فیصلہ بے جا اور کاروباری سرگرمیوں میں مداخلت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کو الیکٹرک انسپکٹریٹ کے فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا جائے جبکہ بجلی کی تنصیبات کی انسپکشن کا دائرہ کار صرف کمرشل عمارتوں تک محدود رکھا جائے۔
سید رضا حسین نے کہا کہ صنعتیں پہلے ہی مہنگی بجلی، گیس اور بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہیں، ایسے میں مزید سرکاری مداخلت ناقابل قبول ہے، صنعتی یونٹس کی بار بار انسپکشن سے پیداواری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صنعتی شعبے کو غیر ضروری ضابطوں اور انتظامی رکاوٹوں سے نجات دلائی جائے اور صنعتی یونٹس کو الیکٹرک انسپکٹریٹ سے استثنیٰ دینے کے لیے 2003 کا نوٹیفکیشن دوبارہ بحال کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments