شارجہ بک فیئر میں جرمن فنکار کا چلتا پھرتا درخت بچوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں جاری شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے میں جرمنی کے شہر برلن سے آنے والے منفرد فنکارانہ شو نے بچوں اور بڑوں کی توجہ حاصل کر لی۔

میلے کے 45ویں ایڈیشن میں ’’ووڈی دی واکنگ ٹری‘‘ کے نام سے پیش کیے جانے والے چلتے پھرتے درخت نے اپنی حیرت انگیز حرکات، رنگ برنگے پھولوں، پرندوں اور دلچسپ آوازوں سے زائرین کو حیران کر دیا۔

شارجہ بک اتھارٹی کے مطابق یہ منفرد شو زندہ مجسموں کے فن پر مبنی ہے، جس میں ایک فنکار درخت کا روپ دھار کر ابتدا میں بالکل ساکت کھڑا رہتا ہے، تاہم اچانک حرکت کرتے ہوئے میلے کی راہداریوں میں گھومنا شروع کر دیتا ہے، بظاہر عام دکھائی دینے والے درخت کو اچانک حرکت کرتے دیکھ کر بچے خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

فنکار کے لباس سے اچانک پھول، پرندے اور مختلف خوشگوار آوازیں سامنے آتی ہیں، جو بچوں کی دلچسپی کا باعث بنتی ہیں۔ بچے اس منفرد کردار کے قریب جا کر اس کی تفصیلات دیکھتے اور اس کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنواتے ہیں۔

منتظمین کے مطابق شو کا مقصد محض تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ بچوں میں قدرتی ماحول، درختوں، پودوں اور جانداروں سے محبت پیدا کرنا بھی ہے، فن اور تخیل کے امتزاج سے بچوں کو قدرتی دنیا کے قریب لانے اور ماحول کی اہمیت سے آگاہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ شارجہ بین الاقوامی کتاب میلہ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جہاں اس نوعیت کے مزید فنکارانہ شوز، ثقافتی سرگرمیوں اور خاندانی تفریحی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

میلے میں بچوں اور بڑوں کو کتابوں کے ساتھ علم، تخیل اور تخلیقی فنون سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...