پنجاب کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے لیے نیا ڈریس کوڈ جاری
لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے لیے نیا ڈریس کوڈ جاری کردیا، جس کے تحت مرد اور خواتین اساتذہ کے جینز پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نئے ڈریس کوڈ کے مطابق اساتذہ کو اسکولوں میں شارٹس پہننے اور انڈور مقامات پر سن گلاسز استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے مرد اساتذہ کو ویسٹ کوٹ یا فارمل پینٹ شرٹ پہننے کی ہدایت کی ہے، اساتذہ کے لیے بند جوتے پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاہم جرابوں کے ساتھ سینڈل پہننے کی اجازت ہوگی۔
خواتین اساتذہ کے لیے ہیل والی جوتیاں پہننے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بغیر بازوؤں والے اور شفاف لباس پہننے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
خواتین اساتذہ کو فارمل لباس کے ساتھ دوپٹہ یا اسکارف لینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ حجاب اور عبایا پہننے کی اجازت برقرار رکھی گئی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو نئے ڈریس کوڈ پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments