کیمروں والی عینکوں پر پابندی، وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے دوران پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی، عدالت نے آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے زین العابدین کی درخواست پر سماعت کی، دورانِ سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 26 اکتوبر کو صوبے بھر میں کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی کابینہ نے 13 نومبر کو اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے بھجوائی گئی تجاویز کی منظوری دے دی ہے، وفاقی حکومت نے 25 نومبر تک تمام صوبائی حکومتوں سے ریگولیٹری فریم ورک بھی طلب کر لیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مارکیٹوں، بڑی دکانوں اور سپر سٹورز پر کیمروں والی عینکیں فروخت کی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے خفیہ ریکارڈنگ ممکن ہے، ان عینکوں کی خرید و فروخت کے لیے کسی حکومتی ادارے سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ کیمروں والی عینکوں کے ذریعے شہریوں کی نجی زندگی اور پرائیویسی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا ان کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے وفاقی حکومت سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...