چھوٹے صوبے ناگزیز، سندھ میں خون کا قطرہ بھی گرا تو ذمہ دار بلاول ہونگے: مصطفیٰ کمال

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے چھوٹے صوبے بنانے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بغیر پاکستان نہیں چلے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سندھ کے حوالے سے گفتگو پر انہیں شدید افسوس ہوا، بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خون بہے گا، اگر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہتا ہے تو اس کی ذمہ داری بلاول بھٹو پر ہوگی۔

انہوں نے کہا بلاول ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، انہیں اپنی جماعت کی 18 سالہ حکومتی کارکردگی پر بات کرنی چاہیے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ مہاجر برادری طویل عرصے سے نسل کشی اور تشدد کا سامنا کرتی رہی ہے، بے نظیر بھٹو کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا تو پورا کراچی جلا دیا گیا، مہاجروں کو یہاں جلایا گیا، فیکٹریاں نذر آتش ہوئیں۔

صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اس اہم معاملے پر عوامی ریفرنڈم ہی بہترین راستہ ہے، لوگوں کی رائے کو بالادستی حاصل ہونی چاہیے، وزیراعظم کے پاس ریفرنڈم کرانے کا اختیار موجود ہے اور امید ہے کہ تحریک انصاف بھی اس معاملے پر ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست فیصلہ کرے کسی جماعت کو بچانا ہے یا پاکستان کو، اگر صوبے بنانےکی خواہش عوام میں نہ ہوتی تو بلاول بھٹو ناراض نہ ہوتے، اس فیصلے میں تاخیر ہوئی تو شیطانی قوتیں اس معاملے میں شامل ہوسکتی ہیں، طارق فضل چوہدری، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور عطا تارڑ نے بھی ریفرنڈم کے معاملے پر کھل کر بات کی ہے۔

پی پی نے پنجاب کی تقسیم کی قرارداد پر ووٹ دیا، سندھ کی تقسیم کو لیکر خونریزی کس بنیاد پرہوگی؟ ملک احمد

بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل میں مصطفی کمال نے کہا کہ وفاق سے ملے اختیارات اور فنڈز نیچے تک منتقل نہیں ہوئے، 17، 18 سال میں 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی آج بھی رہنے کے قابل نہیں، پیپلزپارٹی کو سندھ کارڈ استعمال کرنا ہو تو جیے سندھ کے ذریعے کرواتے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 26ویں آئینی ترمیم میں مقامی حکومتوں کے اختیارات کی تشریح کروانے کی کوشش کی لیکن پیپلز پارٹی نے اس کوشش کو کچل دیا۔ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آئی، کراچی کو تقسیم کرکے نئے اضلاع بنائے گئے، پہلے ملیر، پھر کیماڑی اور کورنگی ڈسٹرکٹ بنایا گیا، آج کراچی کو 7 اضلاع میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اردو بولنے والا مہاجر ہوں، ہم نے ان علاقوں کے لوگوں کو پانی فراہم کیا جہاں تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز پیپلز پارٹی کے تھے، ہم وہ واحد لوگ ہیں جنہوں نے را کے نیٹ ورک کو توڑا، جب شہر میں قتل و غارت گری ہوتی تھی تو اس وقت یہ صورتحال بعض لوگوں کو سوٹ کرتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سندھ کی آبادی کا 38 فیصد ہیں، آبادی کم شمار کیے جانے کے باوجود قومی ترقیاتی پروگرام میں ہمارے حصے کے ہزار ارب روپے بنتے ہیں لیکن ہمیں 8 روپے بھی نہیں دیے جاتے، 73 لاکھ لوگوں کو شمار کیے بغیر آبادی کے اعداد و شمار مکمل کر دیےگئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...