تھیٹر پر پابندی نہیں بلکہ اصلاحات لا رہے ہیں: عظمیٰ بخاری کا بل پر دوٹوک جواب

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں تھیٹر سے متعلق بل پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھیٹر پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی جا رہی بلکہ اسے منظم اور اس کی اصل ثقافت کو بحال کیا جا رہا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تھیٹر میں ہونے والی سرگرمیوں کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ وہاں پیش کیا جانے والا مواد ہماری اخلاقیات اور معاشرتی اقدار کے مطابق ہے یا نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ تھیٹر کو ایک مخصوص طبقے کے لیے مخصوص جگہ بنا دیا گیا ہے، وہ اپنے خاندان کے ساتھ فیملی تھیٹر دیکھنا چاہتی ہیں، سہیل احمد، وسیم عباس اور امان اللہ کے دور جیسا فیملی تھیٹر دوبارہ بحال ہونا چاہیے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بڑے فنکار موجودہ تھیٹر کے ماحول میں کام کرنے کو تیار نہیں، حتیٰ کہ سہیل احمد نے سٹیج تھیٹر کیوں چھوڑا اور خالد عباس جیسے فنکار واپس کیوں نہیں آنا چاہتے، اس پر بھی غور کرنا ہوگا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تھیٹر میں غیر اخلاقی پرفارمنس کے سامنے 11، 12 سال کا بچہ موجود تھا، جسے اس کے والدین نہیں بلکہ چچا تھیٹر لے کر آئے تھے، ہمیں سوچنا ہوگا کہ بچے تھیٹر سے کیا سیکھ کر جا رہے ہیں، دنیا کے مختلف ممالک میں بھی تھیٹر فنکاروں کے لیے ڈریس کوڈ موجود ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ تھیٹر بل گزشتہ ڈیڑھ سال سے تمام متعلقہ افراد کو اعتماد میں لے کر تیار کیا گیا، پروڈیوسرز، اداکاروں اور اداکاراؤں سے مشاورت کی گئی جبکہ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی اسمبلی میں موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا  کہ پنجاب کا بل سب کے ساتھ شیئر کیا گیا، لیکن اسمبلی میں بعض افراد نے قانون پڑھے بغیر ہی اس پر تنقید شروع کر دی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تھیٹر کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اچھے رائٹرز کے ذریعے ڈراموں کے سکرپٹ کا جائزہ لیا جائے گا، آج تک کسی آرٹسٹ کی رجسٹریشن نہیں ہوئی تھی، اب تھیٹر کو منظم کیا جا رہا ہے تاکہ فنکاروں کو بہتر ماحول اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کا کہ موجودہ حکومت نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں 100 فیصد اضافہ کیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ فلم فنڈ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پنجاب میں فلم سٹی بھی بننے جا رہی ہے، ان اقدامات کا مقصد مالی مشکلات کے باعث گھروں میں بیٹھے فنکاروں کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...