پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو اور ایڈوائزری کونسل بنانے کی منظوری

لاہور:(دنیانیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو اور ایڈوائزری کونسل بنانے کی منظوری دیدی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سابق سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سیکرٹری سپورٹس اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں سپورٹس ایڈوائزری کونسل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ، جس میں سابق کھلاڑی اور طلباءممبر ہونگے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی کہ کھیلوں کے فروغ اور ٹریننگ کے لئے ملکی اور غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

اجلاس میں 91 حلقوں میں ملٹی پرپز سپورٹس گراؤنڈز بنانے پر اتفاق ہوا، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں پلاننگ اور دیگر ڈویلپمنٹ امور کے لئےسپیشل پلاننگ یونٹ بنے گااور گھوسٹ ملازمین کی شناخت کیلئے سپورٹس ڈپارٹمنٹ میں بائیو میٹرک حاضری کی پابندی پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو کا بھی فیصلہ کیاگیا، جس کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دیدی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر کھیل اور سپورٹس ڈپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا، سیکرٹری سپورٹس نے محکمہ کی ورکنگ سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں مریم نواز نے بتایاکہ مجھے کھیلوں سے بہت لگاؤ ہے، زمانہ طالب علمی میں بیس بال ٹیم کی کپتان تھی، کھیلوں کی بحالی چاہتی ہوں اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ نوجوانوں کے پاس مواقع کی کمی ہے جس سے نشہ کی طرف راغب ہورہے ہیں، نوجوان طبقے کےلئےکھیلوں کے انفراسٹرکچر کو فوری طور بحال کیا جائے، ہاکی کے مقابلے کروائے جائیں، ہمارا قومی کھیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے جتنے فنڈز کی ضرورت ہو وہ ملیں گے، سپورٹس اینڈوومنٹ فنڈ 2 ارب روپے سے قائم ہوگا، جس کے فنڈ کیلئے مزید 2 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

مریم نواز نے باسکٹ بال کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کرنے اورسپورٹس سہولیات کی حفاظت کیلئے مینٹی نینس ڈیپارٹمنٹ بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں میں جگہ نہ ہونے سے سکولوں سے کھیل ختم ہو گئے، انہوں نے پرویز رشید کو ہدایت کی کہ یو سی لیول پر بچوں کو کھیلوں کی سہولت ملنی چاہئے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موسم گرما کی چھٹیوں میں بچوں کیلئے سپورٹس کیمپس لگائے جائیں گے۔
 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں