بھارتی انتخابات: کانگریس کا ثانیہ مرزا کوٹکٹ جاری کرنے پر غور

نئی دہلی: (ویب ڈیسک ) بھارت میں آئندہ انتخابات کے سلسلے میں سابق بھارتی کرکٹ کے کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے سابقہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا نام بطور امیدوار تجویز کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ثانیہ مرزا ممکنہ طور پر بھارتی سیاست میں حصہ لینے کو تیارہیں ، ایک رپورٹ کے مطابق مبینہ طورپر  ثانیہ مرزا آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر حیدرآباد سے امیدوار کے طور پر حصہ لے رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حیدرآباد سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کے مدمقابل کانگریس پارٹی ثانیہ مرزا کو انتخابی دنگل میں اتارنے پر غور کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ ثانیہ مرزا کے انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں جب گزشتہ روز کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی) نے چار ریاستوں گوا، تلنگانہ، یوپی اور جھارکھنڈ سے اپنے 18 امیدواروں کے ناموں کی منظوری کے لیے اجلاس منعقد کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اجلاس میں ثانیہ مرزا کا نام بھی زیر غور لایا گیا، آئندہ انتخابات میں امیدوار کے لیے ثانیہ مرزا کا نام سابق بھارتی کرکٹ کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے تجویز کیا ہے۔

خیال رہے کہ محمد اظہر الدین، ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کے شوہر محمد اسد الدین کے والد ہیں، دونوں سابق کھلاڑیوں کے درمیان قریبی خاندانی تعلقات ہیں۔

دوسری جانب سیاسی پنڈتوں کا خیال ہے کہ کانگریس ثانیہ مرزا کی شہرت اور مقبولیت کو استعمال کرتے ہوئے حیدرآباد میں قدم جمانا چاہتی ہے، اگرچہ حیدرآباد  تاریخی اعتبار سے اسد االدین اویسی کی قیادت میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین مضبوط گڑھ رہا ہے۔

یاد رہے کہ کانگریس جماعت حیدرآباد سے آخری بار 1980 میں رکن پارلیمنٹ کی نشست پر انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں