حکومت اچھے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرے تووہ رول ماڈل بن سکتے ہیں : شاہ زیب رند

کوئٹہ: (دنیانیوز) کراٹے کومبیٹ میں روایتی حریف بھارت کے کھلاڑی کو شکست دینےوالے شاہ زیب رند نے کہا ہے کہ حکومت اچھے کھلاڑیوں کی سپورٹ کرے تو وہ رول ماڈل بن سکتے ہیں۔

قومی کراٹے فائٹر شاہ زیب رند دبئی سے کوئٹہ پہنچ گئے جہاں کوئٹہ ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

 شاہ زیب رند نے ایئرپورٹ کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ کراٹے کومبیٹ دنیا کی سب سے بڑی کراٹے لیگ ہوتی ہے اور دبئی کے پرنس نے یہ ایونٹ منعقد کرایا تھا۔

شاہ زیب نے کہا  کہ یہ کراٹے کومبیٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ تھا ، میں پاکستان ٹیم کا کپتان تھا، بھارتی کھلاڑی بھی دنیا کی بڑی لیگ میں کھیل چکا ہے، اس بھارتی کھلاڑی کا ریکارڈ بھی مجھ سے ڈبل ہے اور اس کو آسٹریلیا میں ٹریننگ کروائی گئی، میں رمضان میں امریکا میں تھا اور میں نے روزے کی حالت میں ٹریننگ کی، میں نے بھارتی کھلاڑی کو ہرایا جس پر اللہ کا شکر گزار ہوں۔

قومی کراٹے فائٹر نے کہا کہ حکومت ہمارے ہیروز کو سپورٹ نہیں کرتی، اگر حکومت اچھے کھلاڑیوں کی سپورٹ کرے تو رول ماڈل بن سکتے ہیں، بھارتی اداکار سلمان خان نے میری ساری فائٹ دیکھی تھیں، انہوں نے مجھے اپنے ساتھ بٹھایا اور سپورٹ کیا۔

شاہ زیب رند نے مزید کہا کہ میں نے بلوچستان سے نکل کر پاکستان کا نام روشن کیا، میرا اگلا ٹارگٹ ورلڈ چیمپئن بننا ہے، نوجوانوں کو میرا پیغام ہے کہ اگر میں بلوچستان سے نکل کر جیت سکتا ہوں تو آپ بھی یہ کرسکتے ہیں، اگر آپ خود پر بھروسہ رکھیں تو کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ کے 45 کلو گرام کیٹیگری والے مقابلوں میں پاکستان کے شاہ زیب رند نے بھارت کے رانا سنگھ کو 20 سیکنڈ میں ہی پچھاڑ ڈالا تھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں