میامی اوپن : ایلینا ریباکینا اور ڈینیئل کولنز کی فائنل میں رسائی

فلوریڈا: (ویب ڈیسک ) قازقستان کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ ایلینا ریباکینا اور امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئیں ۔

میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم فلوریڈا میں جاری ہے۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل راؤنڈ میں قازقستان کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ ایلینا ریباکینا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف بیلاروس کی ٹینس سٹار وکٹوریہ آزارینکا کو 4-6 ،6-0 اور 6-7(2-7)سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ایک اور میچ میں اور امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز نے بھی سیمی فائنل لائن عبور کرتے ہوئے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔

انہوں نے دوسرے سیمی فائنل میچ میں حریف روس کی ٹینس کھلاڑی ایکٹرینا الیگزینڈروا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں قازقستان کی ایلینا ریباکینا کا مقابلہ امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز سے ہوگا۔

دوسری جانب بیلاروس کی ٹینس سٹار وکٹوریہ آزارینکا اور روس کی ٹینس کھلاڑی ایکٹرینا الیگزینڈروا خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل راؤنڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں