ڈینیئل کولنز نے چارلسٹن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

چارلسٹن : (ویب ڈیسک ) امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز نے ڈبلیو ٹی اے چارلسٹن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔

ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام چارلسٹن اوپن کے دلچسپ مقابلے فیملی سرکل ٹینس سینٹر میں جاری ہیں ۔

ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز کا مقابلہ حریف روسی ٹینس کھلاڑی ڈاریا کساتکینا سے تھا ، جس میں امریکی کھلاڑی ڈینیئل کولنز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف روسی کھلاڑی ڈاریا کساتکینا کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6اور 1-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔

اس فتح کے بعد 30 سالہ امریکی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنزکے ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز کی تعداد چار ہوگئی ، ڈینیئل کولنز نے رواں سیزن کے اختتام پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

کولنز کی گزشتہ ہفتے میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنےکے بعد مسلسل میچز جیتنے کی تعداد 13 ہوچکی ہے۔

کولنز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے اپنے خواب کو پورا کرنے کا موقع ملا ہے، گزشتہ ہفتہ کو میامی اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیتنے کے بعد چارلسٹن جیتنے پر میں بہت خوش ہوں۔

امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز خواتین کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں 15 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں ، انہوں نے 2017 کی چارلسٹن اوپن ٹینس ایونٹ کی فاتح ڈاریا کساتکینا کو فائنل میچ میں 77منٹس میں شکست دی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں