پیرس اولمپکس سے قبل ٹریننگ کیلئے ارشد ندیم جنوبی افریقہ پہنچ گئے

جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) پیرس اولمپکس 2024ء سے قبل پاکستان کے جیولن سٹار ارشد ندیم ٹریننگ کیلئے جنوبی افریقہ پہنچ گئے۔

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کو جنوبی افریقہ بھجوانے کے انتظامات کئے۔

روانگی سے قبل ارشد ندیم نے اپنے پیغام میں قوم کی بھرپور سپورٹ پر اظہارِ تشکر کیا، ساتھ ہی انہوں نے تصدیق کی کہ وہ 5 ہفتوں کی ٹریننگ میں حصہ لیں گے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ رمضان اور عید کی خوشیاں سب کو مبارک ہوں، میں نے دو ماہ پاکستان میں ٹریننگ کی میرے لئے مزید دعا کریں، میرے گھٹنے کی انجری تھی اور میں نے سرجری کرائی، میرا ری ہیب مکمل ہو چکا ہے میں بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

جیولن سٹار ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اولمپکس نزدیک ہیں اس کے لئے محنت کر رہا ہوں، سپورٹ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کا تعاون پر مشکور ہوں، سلمان اقبال نے بہت اچھی کوچنگ کی۔

واضح رہے کہ ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے اولمپکس مقابلوں کا رواں سال فرانس کے شہر پیرس میں انعقاد ہوگا جہاں یہ مقابلے 26 جولائی سے 11 اگست تک جاری رہیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں