پیرا لمپکس: دونوں ٹانگوں سے محروم امریکی ایتھلیٹ نے گولڈ میڈل جیت لیا
پیرس: (ویب ڈیسک) دونوں ٹانگوں سے محروم امریکی ایتھلیٹ نے پیرس پیرالمپکس میں مردوں کی 400 میٹر دوڑ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔
25 سالہ ووڈ ہال کی اہلیہ تارا ڈیوس ووڈ نے بھی پیرس اولمپکس 2024 میں خواتین کے لانگ جمپ ایونٹ میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا، پیرا لمپکس میں تین مرتبہ کے میڈلسٹ ووڈ ہال نے مقررہ فاصلہ 46.32 سیکنڈز میں طے کرکے جیت کو گلے لگایا۔
ووڈ ہال نے کہا کہ وہ بہت مسرور ہیں کہ ہمارے گھر دو گولڈ میڈلز جائیں گے، ووڈ ہال 4 بائی 100 میٹرریلے ریس میں برانز میڈل جیتنے والی امریکی ٹیم کا بھی حصہ بنے۔
واضح رہے کہ ایک بیماری کے سبب محض 11 ماہ کی عمر میں ووڈ کی نچلی ٹانگیں کاٹ دی گئی تھیں، ان کی تارا سے ہائی اسکول کے زمانے میں شناسائی ہوئی تھی، بعدازاں دونوں مزید تعلیم کی غرض سے دور ہوگئے تھے۔
تارا جارجیا یونیورسٹی اور پھر ٹیکساس یونیورسٹی چلی گئی تھیں جبکہ ووڈ ہال ٹیکساس یونیورسٹی میں زیر تعلیم رہے بعد میں دونوں پھرآن ملے اور کھیل سے منسلک ہوگئے۔