چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کے گرینڈ فائنل کی گرینڈ تیاریاں جاری ہیں جس میں معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ، صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گی۔
پاکستان سپر لیگ کا فائنل کل پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی رنگارنگ تقریب کے دوران آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کی ہیں اور فائنل میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
محسن نقوی نے اجلاس میں کہا کہ اس میگا ایونٹ کے لئے ہر سطح پر بہترین اور شاندار انتظامات یقینی بنائے جائیں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شائقین کرکٹ شاندار اختتامی تقریب سے محظوظ ہونے کے لیے شام 6 بجے تک لازمی سٹیڈیم پہنچیں۔