ایف آئی اے ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع نہ ہونے کیخلاف درخواست خارج

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کے 3 ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع نہ ہونے کیخلاف درخواست خارج کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

حکمنامے کے مطابق 2019 میں تینوں ملازمین ایف آئی اے سائبر کرائم میں بطور سب انسپکٹر کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کئے گئے تھے، ڈیپارٹمنٹ سلیکشن کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق تینوں ملازمین کی کارکردگی ٹھیک نہیں تھی۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ رپورٹ کے مطابق تینوں ملازمین کیخلاف محکمانہ انکوائریاں بھی جاری ہیں، ڈیپارٹمنٹ سلیکشن کمیٹی نے تینوں ملازمین کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے حکمنامے میں کہا کہ اس مرحلے پر ان ملازمین کی مدت ملازمت کے کنٹریکٹ میں توسیع کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں کہا جا سکتا، لہٰذا ان ملازمین کی درخواست خارج کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ کومل انور، تنویر احمد اور فرحان علی نے مدت ملازمت میں توسیع نہ ہونے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں