علی امین کیخلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس کی سماعت 17مئی تک ملتوی

اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحے اور مبینہ شراب کی برآمدگی کے کیس کی سماعت 17مئی تک ملتوی کردی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمہ کی سماعت کی۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت پیش ہوئے، ملزم کے 342 بیان کیلئے سوالنامہ آج فراہم نہ کیاجاسکا۔

عدالت نے کہاکہ آئندہ دو سے تین دن میں 342 کے بیان کے لیے سوالنامہ فراہم کردیا جائے گا ، عدالت نے کیس کی سماعت 17 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔

گزشتہ روز عدالت میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحے اور مبینہ شراب کی برآمدگی کے کیس میں تمام گواہان پر جرح مکمل کر لی گئی تھی ۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور پر اکتوبر 2016ء میں بنی گالہ سے گاڑی سے شراب اور اسلحہ برآمد ہونے کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

علی امین گنڈا پور نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ شہد لے جا رہے تھے جسے پولیس نے ضبط کر لیا تھا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں