سی ایس ایس 2023ء کے نتائج کا اعلان، 2.96 فیصد امیدوار کامیاب

لاہور: (دنیا نیوز) سی ایس ایس امتحان 2023ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے پریس نوٹ کے مطابق کامیاب امیدواروں کی شرح 2.96 فیصد ہے۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق مقابلے کے امتحان میں حتمی طور پر 210 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں، کامیاب امیدواروں میں 126 مرد اور 84 خواتین امیدوار شامل ہیں، 13008 امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا، محض 401 امیدوار تحریری امتحان پاس کر سکے۔

ایف پی ایس سی نے مزید بتایا کہ عادل ریاض پہلی، شہیر بانو دوسری اور اوکاشہ ابرار رانا نے تیسری پوزیشن حاصل کی، کامیاب امیدوار گریڈ 17 سے ملازمت کا آغاز کریں گے۔

ایف پی ایس سی کے مطابق پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عادل ریاض کا نتیجہ طبی بنیادوں پر مؤخر کر دیا گیا، پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والی ثناء اعجاز کا نتیجہ بھی طبی بنیادوں پر مؤخر کر دیا گیا، ساتویں پوزیشن حاصل کرنے والی ماہ رُخ کا نتیجہ بھی طبی بنیادوں پر مؤخر کر دیا گیا۔

متعدد دیگر کامیاب امیدواروں کے نتائج بھی طبی بنیادوں پر مؤخر کر دیئے گئے۔

واضح رہے کہ 2022ء میں سی ایس ایس امتحان میں 20ہزار 262 امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا تھا جن میں سے صرف 393 امیدوار کامیاب ہوئے تھے، وائیوا میں 374 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی۔

کامیاب ہونے والوں میں 223 مرد اور 151 خواتین امیدوار شامل تھے، تمام مراحل مکمل کرنے پر ایف پی ایس سی نے 237 امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی تھی، جن میں 146 مرد اور 91 خواتین امیدوار تھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں